ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی: بھاسکر مرڈر کیس کے ملزم نرنجن بھٹ کوڈسٹرکٹ کورٹ سے ملی مشروط ضمانت

اڈپی: بھاسکر مرڈر کیس کے ملزم نرنجن بھٹ کوڈسٹرکٹ کورٹ سے ملی مشروط ضمانت

Wed, 24 Jun 2020 18:52:09    S.O. News Service

اڈپی24/جون (ایس او نیوز) چار سال قبل ہوئے سنسنی خیزبھاسکر شیٹی مرڈر کیس کے تیسرے ملزم نجومی نرنجن بھٹ کو ڈسٹرکٹ کورٹ نے 7جولائی تک کے لئے مشروط ضمانت دی ہے۔

 خیال رہے کہ دبئی ا ور اڈپی میں فارمیسی اور ہوٹل کاروبار کے لئے مشہور بھاسکر شیٹی کا قتل 28جولائی 2016کو اڈپی کے اندرالی علاقے میں واقع ان کے اپنے گھر میں ہوا تھا۔ پھر ان کی لاش کو بیلمان علاقے میں لے جاکر مبینہ طور پر نرنجن بھٹ کے پوجا کے کمرے میں ہوما کی رسومات انجام دینے کے لئے بنائے ہوئے گڈھے میں جلادیا گیا تھا۔

 اس قتل میں بھاسکر شیٹی کی بیوی راجیشوری شیٹی، اس کے بیٹے نونیت شیٹی، نرنجن بھٹ، کار کے ڈرائیورراگھویندرا اور نرنجن کے باپ سرینواس بھٹ کو ملزم بنایا گیا تھا۔ کارڈرائیور اور سرینواس بھٹ کو گرفتاری کے ایک مہینے کے اندر ہی ضمانت مل گئی تھی۔ جبکہ راجیشوری شیٹی کو بہت مدت کے بعد ضمانت دی گئی تھی۔ 

 بتایا جاتا ہے کہ سرینواس بھٹ قتل کی تحقیقات کی وجہ سے ذہنی ہراسانی کا شکار ہوگیا تھا اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے کے بعد دو دن قبل اس کی موت واقع ہوگئی۔ نرنجن بھٹ کے وکیل نے مذہبی رسومات ادا کرنے کا سبب بتاتے ہوئے عدالت میں ضمانت کی درخواست دی تھی۔جس پر ڈسٹرکٹ کورٹ نے سماعت کے بعد 5لاکھ روپے کے بانڈ پر 7جولائی تک کے لئے ضمانت منظور کردی۔ بھاسکر شیٹی کا بیٹا نونیت ابھی بھی جیل میں قید ہے۔
 


Share: